ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسلامک فقہ اکیڈمی کا اٹھائیسواں فقہی سمینار نومبر میں جے پور میں منعقد ہوگا

اسلامک فقہ اکیڈمی کا اٹھائیسواں فقہی سمینار نومبر میں جے پور میں منعقد ہوگا

Wed, 14 Mar 2018 17:14:20    S.O. News Service

نئی دہلی14/ مارچ (ایس او نیوز/پریس ریلیز)  اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا جس کی بنیاد 1989ء میں رکھی گئی تھی۔ گزشتہ تیس سال کے دوران اب تک اس کے ستائیس کامیاب فقہی سمینار ملک کے مختلف صوبوں اور شہروں میں منعقد ہوچکے ہیں۔ جس میں دو سو سے زائد جدید مسائل پر ہندوستانی فقہاء غور و فکر کرکے اجتماعی فیصلے کرچکے ہیں۔ اسی اکیڈمی کا اٹھائیسواں تین روزہ فقہی سمینار 17۔18۔19؍ نومبر 2018ء کو جامعہ ہدایہ جے پور میں منعقد ہونے جارہا ہے جو شاہ فضل الرحیم مجددی صاحب کے خصوصی تعاون اور میزبانی میں انشاء اللہ انجام پائے گا۔ 

پریس ریلیز کے مطابق سمینار کے موضوعات کی تعیین کے سلسلہ میں اکیڈمی میں ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی جس میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا عتیق احمد بستوی قاسمی، مولانا سیدمحمد عبید اللہ اسعدی بطور خاص شریک ہوئے اور اکیڈمی کے شعبۂ علمی کے ممتاز علماء بھی اس میں موجود رہے۔

میٹنگ میں مختلف موضوعات پر غور کرنے کے بعد حسب ذیل چار موضوعات 28 ویں فقہی سمینار کے لیے طے کیے گئے:
۱۔ مالی تعزیر ۔شریعت اسلامی کی روشنی میں 
۲۔ ارکان شرعیہ پر جہل کا اثر
۳۔ سائبر کرائم اور شرعی نقطۂ نظر
۴۔ ہیرے جواہرات کی تجارت فقہ اسلامی کی روشنی میں
اس سمینار میں مسجد اقصی پر ایک اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔

ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ بہت جلد اکیڈمی کے سکریٹریز حضرات علماء سوالات تیار کرنے کے لیے نشست منعقد کریں گے، سوالات کی ترتیب کے بعد مجموعۂ سوالات ہندوستانی فقہاء کو بھیجے جائیں گے تاکہ وہ فقہ اسلامی کی روشنی میں تفصیلی جوابات لکھ کر اکیڈمی کو بھیج سکیں۔ بتایا گیا ہے کہ اکیڈمی سمینار کے مقالات کتابی صورت میں اہتمام کے ساتھ شائع کیا کرتی ہے۔
 


Share: